ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی زیرصدارت پرفارمنس مینجمنٹ ریفارمز یونٹ(PMRU) کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس انکے دفتر میں منعقد ہوا جس میں ضلعی محکموں کے آفسران نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں اختیار عوام کا پورٹل، پاکستان سیٹیزن پورٹل، انسدادِ تجاوزات مہم، ٹاسک مینجمنٹ سسٹم، قیمتوں کے تعین، معائنہ، کھلی کچہریاں اور گُڈ گورننس فریم ورک سے متعلق تمام ضلعی محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کا کہنا تھا کہ اختیار عوام کا پورٹل اور پاکستان سیٹیزن پورٹل پر عوام کی جانب سے موصول شدہ شکایات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے اور عوام کو ہر قسم کے جائز ریلیف فراہم کرنے کیلئے مجموعی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے اور اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ گُڈ گورننس، پبلک سروس ڈیلیوری کی بہتری اور شفافیت کا فروغ ضلعی انتظامیہ سوات کی اولین ترجیح ہے۔۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں بشمول محکمہ صحت، تعلیم، فوڈ ڈیپارٹمنٹ، حلال فوڈ اتھارٹی، ہیلتھ کئیر کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام کے ساتھ عوام کے بہتر مفاد میں مشترکہ کارروائیاں کریں تاکہ عوام کو ہر قسم کا ریلیف اُن کی دہلیز پر میسر ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر سوات نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے جانب سے اختیار عوام کا پورٹل پر موصول ہونے والے شکایات پر فوری نوٹس لے کر اور اُن کو بروقت حل کیا جائے۔کھلی کچہریوں کا انعقاد بروقت کیا جائے اور عوامی شکایات حل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں میں تمام محکموں کے افسران کے علاوہ رائٹ ٹو پبلک سروسز اور صوبائی محتسب کے نمائندگان کی شرکت کوبھی یقینی بنایا جائے۔کھلی کچہری کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے تمام سائلین کی شکایات کے ساتھ ساتھ اُن کے کوائف کو نوٹ کیا جائے اور شکایات حل ہونے تک اُن سے رابطے میں رہیں۔ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے ضلعی محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ اپنے فرائض کو بخوبی پایہ تکمیل تک پہنچائے اورعوام کی خدمت میں کسی قسم کی کسرنہ چھوڑی جائے۔
Ещё видео!