یہ کنفرم ہے جانا ایک دن ضرور ہے
بابو محمد مسکین صاحب آپ کے وصال پر رشک آرہا ہے
رشک کیوں نہ آئے
کہ آپ شہر فتح جنگ میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کی مناسبت سے بنی ہوئی مرکزی میلاد کمیٹی میں کم و بیش 50 سال تک اپنی بے لوث خدمات پیش کرتے رہے آپ میلاد کمیٹی کے اہم ترین رکن بھی رہے اور
مرکزی مجلس مشاورت میں شامل رہے
مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدے داران کے ساتھ مل کر رات گئے تک مختلف نعت خواں پارٹیوں میں نظم و ضبط قائم رکھنے کی غرض سے شرکت فرمانا اور گاؤں دیہاتوں میں چھوٹے بڑے جلوسوں میں شرکت کرنا اور بالخصوص 30 سال سے زائد عرصہ ہو چکا ہے کہ مرکزی میلاد کمیٹی کے پلیٹ فارم پر ہونے والے جشن میں آئی ہوئی شہر بھر کی تمام نعت خوان پارٹیوں کے لیے بڑی خوبصورتی کے ساتھ دیسی گھی کے ساتھ تیار کردہ حلوہ اور چائے قہوہ کے ساتھ ضیافت کا بہت بڑےپیمانے پراہتمام کرنا اپنے لیے سعادت سمجھتے تھے
بابو محمد مسکین صاحب کا اہل اللہ کے ساتھ محبت کا انداز بھی بڑا عجب تھا ولی کامل بابا جی سائیں حاضر حضور سرکار رحمتہ اللہ علیہ کے قدموں میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد باقاعدگی کے ساتھ اور بڑے اہتمام کے ساتھ سلام عقیدت اور محبت پیش کرنا اور بالخصوص ہر چھوٹی بڑی محفل میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کو یقینی بنانا اور بالخصوص دعائیہ تقریب میں شامل ہونا اپنے لیے بہت بڑا اعزاز سمجھتے تھے اور یقینا یہ ان کا بہت اچھا اور خوبصورت عمل تھا
اور علماء کے ساتھ محبت کا یہ عالم تھا کہ دربار شریف پہ آئے روز علماء کا آنا جانا لگا رہتا ہے تو ہر عالم دین کے متعلق مکمل آگاہی لیتے تھے یہ کون صاحب ہیں کہاں سے تشریف لائے ہیں ماشاءاللہ سبحان اللہ جیسے خوبصورت لفظوں کے ساتھ استقبال کرنا اور شہر کے ہر عالم دین کو عقیدت اور محبت کی نگاہ سے دیکھنا اور تمام دینی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کے ساتھ محبت فرمانا بالخصوص گلزار مدینہ مسجد میں اکثر آپ کا آنا جانا لگا رہتا تھا ہمارے پاس آنا مہمان خانے میں بیٹھ جانا لائبریری میں بیٹھ کر گپ شپ لگانا اور خالصتاً اللہ کی رضا کے لیے آنا اور طلباء کو دیکھ کر خوشی کا اظہار فرمانا یہ آپ کا خوش ہونا اور چہرے پہ خوشی کے آثار لانا بڑا دیدنی ہوتا تھا۔۔
اور پھر کرم ہوگیا
سرکار مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کے ساتھ بے پناہ محبت اولیاء کرام کے ساتھ محبت علماء اور طلباء کے ساتھ محبت کا صلہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے کتنا خوبصورت عطا فرمایا کہ 12 ربیع الاول شریف کو اپنے پاس بلایا اور بلانے سے قبل نماز فجر سے پہلے دربار شریف بابا جی سائیں حاضر حضور سرکار رحمتہ اللہ علیہ پر انعقاد پذیر صبح بہاراں کی خوبصورت محفلِ پاک میں شرکت کی سعادت بخشی پھرنماز فجر کے بعد مرکزی میلاد کمیٹی کے پلیٹ فارم سے شروع ہونے والے جلوس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی توفیق بخشی اور پھر 10 بجے دربار عالیہ سائیں حاضر حضور سرکار رحمتہ اللہ علیہ پہ ہونے والی مرکزی دعا میں آمین کہنا نصیب فرمایا اور 12 ربیع الاول شریف کو اول وقت میں جلوسِ میلاد کا کارڈ اپنے سینے پہ سجاکر مختلف سٹیجوں پر ڈیوٹی کرنے کی سعادت بھی ملی اپنے بھائی اور بیٹوں کو تاکید کی کہ گرمی زیادہ ہے سرکارمدینہ کے غلام بڑی تعداد میں جلوسِ میلاد کے لیے دورونذدیک سے تشریف لاۓ ہوۓ ہیں لہٰذا انکی سہولت کے لیے بہترین شربت کی سبیل کا اہتمام کیا جاۓ
با الآخر انکا وقتِ آخر آگیا سرکار مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشی میں بھاگ دوڑ کرنے والا اور ولادت مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں خرچ کرنے والا اولیاء کرام علمائے ذی وقار اور طلباء عظام کے ساتھ محبت کرنے والا یہ مرد درویش نماز ظہر سے قبل تھوڑی دیر کے لیے جب گھر میں آیا تو حالت وضو میں تھا چارپائی پر لیٹاتو سینے پہ سرکار کی آمد مرحبا کا بیج بھی لگا ہوا تھا
1948ء میں پیدا ہونے والے بابو محمد مسکین 17 ستمبر 2024ء
12 ربیع الاول شریف 1446 سن ہجری بروز منگل دن تقریباً سوا ایک بجے اپنے رب کے حضور حاضر ہو گئے
*اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ*
بابو جی کے تاریخ ساز نماز جنازہ میں شہر بھر سے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی ہر آنکھ اشکبار دیکھی گئی اور خوبصورت الفاظ میں ہرکوئی آپکو یاد کررہا تھانمازِ جنازہ کے بعد انتہائی خوبصورت انداز میں عشق ومحبت کے ساتھ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ عالیشان میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا یقیناً یہ سب بڑی سعادت کی باتیں ہیں اور قسمت والوں کو ہی میسر آتی ہیں الحمدللہ آپ کی وصیت کے مطابق مجھ فقیر محمد عرفان القادری کو عظیم عاشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نمازِ جنازہ پڑھانے کی سعادت ملی
آخر میں اس شعر کے ساتھ اجازت کا طالب ہوں
پس مردن تلاشی لی فرشتوں نے تو کیا نکلا
چھپا اک گوشۂ دل میں خیال دل ربا نکلا
(نوٹ)
اس تحریر کا کافی حصہ آج2اکتوبر 2024ء بروز بدھ نماز فجر کے فورا بعد قبرستان بابا ابراہیم والی بن بابو محمد مسکین صاحب رحمتہ اللہ علیہ کی قبر کے پاس بیٹھ کر مکمل کیا گیا
اللہ تبارک و تعالی بابو محمد مسکین رحمۃ اللہ علیہ کے درجات میں بلندی عطا فرمائے ان کی خطاؤں سے درگزر فرمائے قبر کو تاحدِ نگاہ وسیع فرمائے اور سرکار مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کی شفاعت کبریٰ کو ان کا مقدر فرمائے آمین ثم آمین
منجانب
خادم الاسلام و المسلمین
محمد عرفان القادری خطیب
جامع مسجد گلزارِمدینہ کرم خان روڈ فتح جنگ
02 اکتوبر 2024
Ещё видео!