ربیع الاول کے ماہ مبارک کا آغاز ہوتے ہی جڑواں شہر وں سمیت ملک بھر میں حضور نبی کریم ﷺ کا یوم ولادت قومی سطح پر منانےکیلئے تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے، اور اس سلسلے میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا جوش و خروش دیدنی ہے
گلی محلوں، بازاروں ،شاہراہوں کو سجانے اور گھروں پر چراغاں کرنے کے حوالہ سے بھی بچے، نوجوان اور بزرگ سبھی پرجوش اور مسرور ہیں بازار وں میں عید میلاد النبی کی مناسبت سے سجاوٹ کی اشیا کی خریداری عروج پر ہے تو دوسری جانب فضاء نعتوں کی گونج سے معطر ہوتی جارہی ہے ۔
ملک بھر میں بڑے شہروں، ضلع اور تحصیل سمیت چھوٹے بڑے قصبوں میں 12ربیع الاول کو میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے اور نبی پاک ﷺ کی سیرت طیبہ کو اجاگر کرنے کیلئے سیرت کانفرنسیں منعقد ہوں گی۔ قومی سطح پر بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں قومی رحمت للعالمین کانفرنسوں کا انعقاد ہو گا۔ رواں سال سیرت کانفرنس کا موضوع ’’معاشرتی اصلاح اور ترقی سیرت طیبہ روشنی میں‘‘ رکھا گیا۔
اسلام آباد میں منعقد ہونے والی سیرت کانفرنس میں ملک بھر سے علما و مشائخ اور مذہبی سکالرز شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیرت طیبہ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرنے کیلئے گلی محلوں کی مساجد اور گھروں میں بھی خصوصی محافل اور سیرت کانفرنسوں کا انعقاد ہو گا۔
اس پورے مہینے میں آپ کی ولادت کا عقیدت اور محبت سے منایا جا نے والاجشن اور فضاوں میں گونجتی نعتوں کی صدائیں جہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ہماری محبت کا اظہار ہیں وہیں یہ اس بات کا اعلان بھی ہیں کہ تا قیامت عشق رسول میں ڈوبے شمع رسالت کے پروانے آپ کی آمد کا جشن اسی شان و شوکت اور وقار سے مناتے رہیں گے اور فضائیں جشن ولادت کی خوشی میں سرشار یونہی گوجتی رہیں گی
Ещё видео!