آئی جی پنجاب کی زیر قیادت رحیم یار خان کچہ کے علاقہ میں پولیس آپریشن جاری
کچے میں ڈکیتوں ہی نہیں، ملک دشمن عناصر کا صفایا بھی کرنے جا رہے ہیں: آئی جی پنجاب
رحیم یارخان: آئی پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ کچے میں ڈکیتوں ہی نہیں، ملک دشمن عناصر کا صفایا بھی کرنے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب عثمان انور نے ڈی پی او آفس میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کچے کے علاقے میں ایک بڑے اور سخت پولیس آپریشن کی اطلاع دی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کچے میں صرف ڈکیت ہی نہیں بلکہ ملک مخالف لوگ بھی موجود ہیں، کچے میں سخت آپریشن ہونے جا رہا ہے، جس کا مقصد کچے ہی کا نہیں ملکی سلامتی کے خلاف کام کرنے والوں کا صفایا کرنا ہے۔
عثمان انور نے کہا ’’کچے میں ملک دشمن عناصر بھی موجود ہیں، اس وقت بلوچستان، سندھ اور پنجاب پولیس آپریشن کر رہی ہے۔‘‘
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ کچے میں جانی نقصان کا خطرہ ہے، کوشش کریں گے کم سے کم ہو، جب گولی چلتی ہے تو نقصان تو ہوتا ہے، اونچ نیچ بھی ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ 11 ہزار نفری منگوائی ہے اس میں تمام سیکیورٹی ادارے ساتھ ہیں، اس میں سی ٹی ڈی اسپیشل 5 اور دیگر ایجنسیوں نے کال ڈیٹا نکالا ہے، کل پرسوں اہم خبر کے لیے تیار رہیے گا۔
آئی جی نے بتایا ’’ہم نے کچے میں چوکیاں بنائی ہیں، 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا ایک مارا گیا، ایک پولیس اہل کار زخمی ہوا، اگر کوئی ڈاکو ہتھیار ڈالنا چاہے تو ٹھیک ہے ورنہ جو ہوگا وہ تو ہوگا، ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔‘‘
انھوں نے بچوں کو بازیاب کرانے والے پولیس افسر کے لیے 12 لاکھ کا اعلان بھی کیا، اور کہا کہ موٹر وے کو بھی محفوظ بنایا جائے گا.
Ещё видео!