Deen Ki Khufya Dawat Ka Aghaaz, SEERAT UN NABI Course Lecture 18, Mufti Rasheed
سیرت النبی ﷺ کورس
کلاس نمبر 18
فترت وحی اور دین کی خفیہ دعوت کا آغاز
مفتی رشید احمد خورشید صاحب دامت برکاتہم العالیہ
کلاس کے چند اہم نکات:
1. فترتِ وحی دو دفعہ ہوئی ہے۔ یعنی حضور ﷺ پر وحی کا سلسلہ دو دفعہ کچھ کچھ عرصے کے لیے موقوف ہوا ہے۔
2. پہلی دفعہ غارِ حرا والے واقعے کے بعد جب آپ ورقہ بن نوفل کے پاس سے لوٹے تو وحی کا سلسلہ رُک گیا۔
3. فترتِ وحی کا عرصہ کتنا تھا اس میں مختلف اقوال ہیں۔ تین سال۔ دو سال۔ ڈھائی سال۔ بارہ دن۔ پندرہ دن۔ پچیس دن۔چالیس دن۔ واللہ اعلم
4. اس فترت کا اختتام ایسے ہوا کہ سورۃ المدثر کی ابتدائی پانچ آیات نازل ہوئیں۔
5. اس سے سورہ مدثر کی ابتدائی پانچ آیات میں بیان ہونےوالے احکام کی اہمیت بھی معلوم ہوتی ہے اور اللہ تعالی کی حضور ﷺ سے محبت بھی واضح ہوتی ہے۔
6. احکام یہ ہیں۔ اٹھیے! اور لوگوں کو خبردار کیجیے!اپنے رب کی بڑائی بیان کیجیے۔اپنے کپڑوں کو پاک صاف رکھیے اور اللہ کی ناراضگی کے اسباب سے خود کو دُور رکھیے! ایک مسلمان کو یہ پتا ہونا چاہیے کہ یہ سب اسلام کے بالکل ابتدائی احکام ہیں۔ اس لیے کسی مسلمان کا ان احکام میں کوتاہی کرنا شرعی نقطہ نظر سے بہت بُری بات ہے۔
7. حضور ﷺ نے ان احکام پر کیسے عمل کیا کہ ساری زندگی اسی مشن کے نام کردی۔
8. صفائی ستھرائی کی اہمیت بھی معلوم ہوئی۔ اسلام گندگی، میل کچیل اور بدبو کو پسند نہیں کرتا۔
9. ۔ دوسری دفعہ فترتِ وحی اس وقت ہوئی جب پہلی فترتِ وحی کے بعد آٹھ سورتیں نازل ہوئیں یعنی کل دس سورتیں نازل ہونے کے بعد دوسری بار فترتِ وحی ہوئی۔
10. اس فترتِ وحی کا اختتام ایسے ہوا کہ سورۃ والضحی کی ابتدائی تین آیات نازل ہوئیں۔ اس میں بھی اللہ تعالی کی اپنے حبیب ﷺ سے محبت کی ایسی جھلک ہے کہ بے اختیار زبان سے نکلتا ہے۔ سبحان اللہ!
11. اس فترتِ وحی کا عرصہ دو یا تین تھا۔ ایک قول کے مطابق پندرہ دن تھا۔ایک قول چالیس دن کا بھی ہے۔
12. تیسری بار تھوڑی سی دیر کے لیے وحی کا یہ سلسلہ رُکا تھا۔ اس کی وجہ یہ بنی کہ گھر میں کتے کا پِلاآگیا تھا۔ حضور ﷺ کے علم میں نہ تھا۔ جب آپ کو پتا چلا تو آپ نے اس کو باہر نکلوایا۔ پھر حضرت جبرئیل علیہ السلام تشریف لائے اور بتایا کہ جس گھر میں کتا اور تصویر ہو ہم اس گھر میں داخل نہیں ہوتے۔
13. اس سے معلوم ہوا کہ گھر میں کتا رکھنا اور کتا پالنا کتنا خطرناک عمل ہے۔ ریوڑ کی حفاظت، کھیت کی حفاظت یا شکار کے لیے کتا رکھنا جائز ہے، لیکن بلاوجہ شوقیہ کتا پالنے سے روزانہ اعمال نامے سے ایک قیراط نیکیاں کم ہوجاتی ہیں۔
14. سورہ مدثر کی دوسری آیت پر عمل کرتے ہوئے آپ نے دین کی دعوت کا کام شروع کیا تو اس کو مختلف مراحل میں سر انجام دیا۔
15. بنیادی طور پر دعوت کے چار مراحل ہیں۔ پہلا مرحلہ: خاموش اور خفیہ دعوت۔ دوسرا مرحلہ جہری اور اعلانیہ دعوت۔ ان دونوں مراحل میں صرف زبانی دعوت تھی۔ مکی زندگی میں یہی طریقہ رہا۔ تیسرا مرحلہ مدینہ منورہ میں جہری دعوت کے ساتھ ظلم کرنےو الوں کے خلاف جہاد کی اجازت بھی دی گئی۔ چوتھا مرحلہ : جہری دعوت کےساتھ دعوت دین کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف بھی جہاد کی اجازت دی گئی۔
16. ان مراحل سے ہمیں یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ دین کا کام حکمت کےساتھ اور منصوبہ بندی کے ساتھ ماحول کو دیکھ کر کرنا چاہیے۔
17. ہمارے ہاں جو دینی کاموں کو بلا سوچے سمجھے کرنے کا ایک رواج ہے، یہ سیرت اور سنت کے خلاف ہے۔
18. عام عوام کے لیے اہم بات یہ ہے کہ دنیا کے کام کے لیے جس طرح پروٹوکولز فالو کیے جاتے ہیں، دین کے کام کو بھی اسی طرح کرنا چاہیے۔ دنیا کے کام میں ہر طرح کے جدید وسائل استعمال کرنا اور دین کے کام کے بس پیلنے کی کوشش کرنا، دین کی ناقدری ہے۔ یہ محروم کردینے والی عادت ہے۔ اس سے بچنا چاہیے۔
19. اس سے اسباب کی اہمیت بھی معلوم ہوتی ہے کہ دین کا کام کرنے والوں کو بھی دنیاوی اسباب اختیار کرکے دین کا کام کرنا چاہیے۔
20. سب سے پہلے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اسلام قبول کیا۔ اس پر تقریبا تمام مؤرخین اور سیرت نگاروں کا اتفاق ہے کہ اگر یہ سوال کیا جائے مردوں، عورتوں اور سب میں سب سے پہلے اسلام لانے والی شخصیت کس کی ہے؟ تو جواب ہے: حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا۔
21. اس سے معلوم ہوا کہ اسلام میں عورت کی کتنی اہمیت ہے؟ عورتوں کو حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی وجہ سے کتنا بڑا مقام ملا ہے؟ لیکن کیا ہماری عورتوں کو حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی سیرت بھی معلوم ہے؟ اگر نہیں تو آج سے سیکھنے کا عزم کیجیے۔ اپنی بچیوں کوازواج مطہرات کی سیرت سکھائیں۔
Ещё видео!